i بین اقوامی

کولمبیا میں یلوفیور سے 34 افراد ہلاک، ہیلتھ ایمرجنسی نافذتازترین

April 18, 2025

کولمبیا میں یلوفیور میں مبتلا درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کولمبیا میں یلوفیور کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے سبب اب تک 34 افراد ہلاک ہوچکے اور متعدد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یلوفیور مچھروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہونے والے وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے اور اسے ویکسین کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔اس حوالے سے حکومت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایسٹر ویک اینڈ سے پہلے ویکسین لگوائیں کیونکہ ایسٹر کے ویک اینڈ کی وجہ سے لوگ گرم علاقوں کا سفر کرتے ہیں جہاں بیماری پھیلانے والے مچھر زیادہ ہوتے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر صحت نے بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں اس بخار میں مبتلا 74 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ انہوں نے عوام کو مفت فراہم کی جانے والی ویکسین لگوانے پر بھی زور دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر لوگ انفیکشن کے پہلے مرحلے کے بعد صحت یاب ہو جاتے ہیں جس میں عام طور پر بخار، پٹھوں اور کمر میں درد، سر درد، کانپنا، بھوک نہ لگنا اور متلی یا الٹی شامل ہوتی ہے۔تاہم ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ تقریبا 15 فیصد لوگوں کو اس بخار کے دوسرے مرحلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں تیز بخار، یرقان، خون بہنا اور گردے کی خرابی شامل ہوتی ہے اور جن مریضوں کی صحت زیادہ بگڑ جاتی ہے وہ 10 سے 14 دن میں موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی