کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر جمعہ کو مقبوضہ جموں کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی جس سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کررہ گیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے متنازع وقف ترمیمی قانون اور مقبوضہ جموں کشمیر میں غیرمقامیوں کو ڈومیسائل دینے کے خلاف ہڑتال کی کال د ے رکھی تھی ۔ اس موقع پر مقبوضہ وادی میں تمام کاروباری وتجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بندرہے ،سڑکوں پر ٹریفک معطلرہی ۔ مودی حکومت کے مذموم منصوبوں کے خلاف سری نگر سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے اور بھارتی حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی ۔فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ وقف ترمیمی قانون کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کے سیاسی، مذہبی اور سماجی تشخص پر حملہ ہے۔ریت کانفرنس کے مطابق بھارت فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو بدنام کر رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی