کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں مسلمان نوجوان کو ریلوے اسٹیشن پر نماز پڑھنے سے روک دیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اوٹاوا کے ریلوے اسٹیشن پر تعینات گارڈ نے مسلمان نوجوان احمد کو نماز پڑھنے سے روکتے ہوئے کہا کہ آپ کے نماز پڑھنے سے دوسرے لوگ ڈسٹرب ہوں گے۔ گارڈ نے مسلمان نوجوان کوآئندہ ریلوے اسٹیشن کی حدود میں نماز نہ پڑھنے کی وارننگ بھی دی۔ رپورٹس کے مطابق مسلمان نوجوان ریلوے اسٹیشن کے ایک خالی ہال میں نماز ادا کررہا تھا جہاں لوگ موجود نہیں تھے۔ مسلمان نوجوان کو نماز سے روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ریلوے اسٹیشن کی انتظامیہ نے مسلمان نوجوان اور مسلمان کمیونٹی سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے گارڈ کو معطل کردیا اور واقعہ کی تحقیقات کروانے کا اعلان کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی