کینیا کی گاڑی ساز کمپنی ، ایسوسی ایٹڈ وہیکل اسمبلرز (اے وی اے)2023 میں چین کے گاڑی ساز ادارے بی وائی ڈی کی تیار کردہ 130 الیکٹرک بسیں اسمبل کرے گی۔کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایسوسی ایٹڈ وہیکل اسمبلرز کے منیجنگ ڈائریکٹر میٹ لائیڈ نے شِںہوا کو بتایا کہ اب تک اس نے مقامی مارکیٹ کے لیے 15 بی وائی ڈی الیکٹرک بسیں اسمبل کی ہیں جو پرزوں کی شکل میں درآمد کی گئی تھیں۔لائیڈ نے الیکٹرک وہیکل فورم کے دوران گفتگو میں بتایا کہ بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور اس کی گاڑیوں کا معیار بہت بلند ہے۔لائیڈ کے مطابق مقامی طور پر اسمبل شدہ بی وائی ڈی بسیں اعلی حفاظتی معیار پر پورا اترتی ہیں اور اس سے کینیا میں روڈ سیفٹی میں مجموعی طور پر اضافہ ہوگا۔ ان کی کمپنی نے بی وائی ڈی کی تکنیکی مشاورت سے گاڑی سازی کی جدید ٹیکنالوجی حاصل کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی