امریکا میں وائلڈ تھانگ نامی کتے نے دنیا کے بدصورت ترین کتے کا مقابلہ جیت لیا۔برطانوی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں دنیا کے بدصورت ترین کتوں کا مقابلہ منعقد ہوا جس میں 8بدصورت کتوں نے حصہ لیا۔مقابلے میں شریک وائلڈ تھانگ نامی آٹھ سالہ کتے کو 2024کے بدصورت ترین کتے کا تاج پہنایا گیا اور اس کی مالکن این لیوس کو 5ہزار ڈالر کا انعامی چیک دیا گیا۔مقابلے میں شریک روم نامی 14سالہ کتے نے دوسری جبکہ ڈیزی مے نامی 14سالہ ریسکیو کتے نے تیسری پوزیشن حاصل کی جنہیں بالترتیب 3ہزار ڈالر اور 2ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔اس سال بدصورت ترین کتے کا مقابلہ جیتنے والا وائلڈ تھانگ اس سے قبل پانچ بار اس مقابلے میں حصہ لے چکا ہے اور وہ گزشتہ تین بار وہ دوسرے نمبر پر آیا تھا تاہم اس سال وہ یہ مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہا۔وائلڈ تھانگ وائرل بیماری کینائن ڈسٹمپر کا شکار رہا جس کی وجہ سے اسے بہت سے جسمانی مسائل کا سامنا ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے وائلڈ تھانگ کے دانت نہیں بڑھے اور اس کی زبان باہر رہتی ہے اور اس کی دائیں اگلی ٹانگ ہر وقت ہلتی ہے۔ایونٹ کی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے بدصورت کتے کا مقابلہ تقریبا 50سالوں سے منعقد کیا جا رہا ہے جہاں کتوں میں موجود ان خامیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے جو انہیں باقی کتوں سے منفرد بناتی ہیں۔منتظمین کے مطابق اس مقابلے کا مقصد بدصورت کتوں کا مذاق اڑانا نہیں بلکہ دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ یہ کتے واقعی خوبصورت ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی