سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے خانہ کعبہ ورچول ایگزی بیشن کا افتتاح کردیا، نمائش میں خانہ کعبہ کی رسمِ غسل کے دوران استعمال ہونے والے آلات اور سامان بھی رکھا گیا ہے، فرزندانِ توحید بارکوڈ کو سکین کرکے مقدس اشیا کی زیارت کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں۔ گزشتہ روز سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مقدس مساجد کے امور کے جنرل پریذیڈنسی کے تحت نمائشوں اور عجائب گھروں کے امور کے سیکریٹری انجینیئر ماہر الزھرانی نے بتایا کہ اس نمائش کا مقصد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کو سعودی خدمات سے متعارف کرانا ہے تاکہ زائرین کو پیش کی جانے والی سہولیات اور انہیں حج وعمرہ و زیارت میں دی جانے والی آسانیوں کا بھی علم ہو۔ڈیجیٹل ایگزیبیشن کے ڈائریکٹر جنرل ریان المسعودی نے بتایا کہ نمائش میں رسم غسل کے دوران خانہ کعبہ کے فرش اور اس کی دیواروں کی صفائی اور دھلائی میں استعمال ہونے والے آلات اور سامان بھی رکھا گیا ہے، غسل کعبہ میں استعمال ہونے والا تمام سامان پیتل کا بنا ہوا ہے، سالانہ رسم کے لیے تمام چیزیں خاص طور پر تیار کرائی گئی ہیں، اس سلسلے میں ورچول ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے استفادہ کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ خانہ کعبہ کو غسل دینے کی عظیم سعادت سعودی بادشاہ یا ان کی جانب سے نامزد کردہ نمائندے کو حاصل ہوتی ہے، اس بار خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی طرف سے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے خانہ کعبہ کی سالانہ رسمِ غسل کی قیادت کی، ولی عہد کے ہمراہ سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بھی مسجدالحرام پہنچنے، اس موقع پر مقدس مساجد کے امور کے جنرل پریزیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے ان کا استقبال کیا۔مسلمانوں کے مقدس ترین مقام کی سالانہ غسل کی تقریب کا اہتمام آبِ زمزم سے کیا گیا جس میں عود اور دیگر مسحور کن عطر ملائے گئے جب کہ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو گلاب اور کستوری کے عطروں میں ڈوبے سفید کپڑے سے صاف کیا گیا اسی طرح آبِ زمزم میں عطر ملا کر فرش پر چھڑک کر ہاتھوں اور کھجور کے پتوں سے مسح کیا گیا۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی