افریقی ملک کانگو میں کشتی میں آگ لگنے سے ہلاک افراد کی تعداد 148 ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کانگو میں ایچ بی کونگولو نامی کشتی متان کومو کی بندرگاہ سے بولومبا کے علاقے کے لیے روانہ ہوئی جہاں کشتی میں آگ لگ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی میں آگ لگنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک خاتون لکڑی کی بنی کشتی میں کھانا پکا رہی تھی۔ کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 500 افرادسوار تھے، آگ لگتے ہی کشتی دریائے کانگو میں ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 148 افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں 100 افراد زندہ بھی بچ گئے جب کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگو میں کشتی رانی کے حادثات عام ہیں جہاں پرانی لکڑی کی کشتیاں ہی دیہاتوں کے درمیان نقل و حمل کا ایک ذریعہ ہے اور اکثر ان پر گنجائش سے کہیں زیادہ لوگ سوار ہوتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی