ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں تعینات روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانوف نے اس بات پر زور دیاہے کہ جوہری معاہدے میں خلل ڈالنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اولیانوف نے ایک ٹوئٹر پیغام میں ویانا مذکرات سے متعلق نائب روسی وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میری رائے میں نومبر کے دوسرے نصف حصے میں ایران جوہری معاہدے کی بحالی کا مقصد پورا ہوجائے گا اور جوہری معاہدے میں خلل ڈالنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے نائب روسی وزیر خارجہ ریابکوف نے ریانووستی نیوز چینل سے ایران جوہری معاہدے کی بحالی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جوہری معاہدے کا حصول دستیاب ہے تاہم، بہت سے بیرونی عوامل صورتحال پر اثر انداز ہوتے ہیں جس سے آخری مقصد حاصل کرنے میں مدد نہیں ملتی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم گزشتہ کی طرح اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جوہری معاہدے کی بحالی سب کے مفاد میں ہے اور علاقائی سلامتی کی تقویت میں مددگار ثابت ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی