امریکی صدر جو بائیدن نے دعوی کیا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کی وبا کا 'خاتمہ ہوگیا ہے۔ ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ ہمیں اب بھی کووڈ کے باعث مسائل کا سامنا ہے اور ہمیں اس حوالے سے کافی کام کرنا ہے مگر وبا کا اختتام ہوچکا ہے۔ سی بی ایس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اگر آپ غور کریں تو کوئی بھی فیس ماسک نہیں پہن رہا، ہر فرد ٹھیک نظر آرہا ہے اور میرے خیال میں حالات بدل رہے ہیں۔امریکی صدر نے یہ بات اس وقت کہی جب امریکا میں اب بھی اوسطا روزانہ کووڈ سے 400 سے زیادہ ہلاکتیں ہورہی ہیں جبکہ 50 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 2 اعلی عہدیداران نے بتایا کہ صدر جوبائیڈن کا وبا کے اختتام کا بیان انتظامی عہدیداران کے لیے بھی سرپرائز ثابت ہوا ہے۔امریکی صدر کو جولائی میں کووڈ 19 کا سامنا ہوا تھا مگر بیماری کی شدت معمولی تھی۔ اپنے انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے لوگوں کے ذہن پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ'خود سوچیں کہ سب کچھ کیسے بدل گیا، جس سے آپ امریکی عوام کے ذہنوں پر مرتب اثرات کا اندازہ کرسکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی