لبنان میں ایک اسرائیلی طیارے کے حملے میں حسن نصراللہ کے چچا عبداللہ نصر اللہ، ان کے تین بچے اور ان کا ایک پوتا شہید ہوگئے جبکہ ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی شہر صیدا میں لبنانی فوج کی چوکی کے قریب ایک کار کو نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے،فلسطین میں اسرائیل کے تازہ حملوں میں 27 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق شہید ابو حیدر عبداللہ حزب اللہ کے مرحوم سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے چچا ہیں، حسن نصراللہ جو گذشتہ ستمبر میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے حارہ حریک میں حزب اللہ کی قیادت کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے تھے ۔یہ چاروں افراد جنوبی لبنان کے ضلع صور کے قصبے البزوریہ میں ایک گھر میں تھے، جو کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی جائے پیدائش ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی افواج نے دو ماہ قبل لبنان میں اپنے حملوں کی رفتار میں اضافہ کردیا تھا، خاص طور پر بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ اور جنوبی اور مشرقی لبنان میں حزب اللہ کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔اس نے ملک کے مختلف علاقوں میں ڈرون کے ذریعے کئی حملے کیے جن میں حزب اللہ سے منسلک جنگجوں اور عہدیداروں کو قتل کیا۔گزشتہ ماہ (اکتوبر) کے آغاز میں اسرائیل نے لبنان میں "زمینی آپریشن" شروع کیا جسے اس نے سرحد کے اس پار محدود کارروائی قرار دیا۔تاہم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا جنوب کے کسی بھی دیہات پر مکمل کنٹرول نہیں ہے لیکن اسرائیلی تصادم اور بمباری کے نتیجے میں تقریبا 36 قصبوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔دوسری جانب لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی شہر صیدا میں لبنانی فوج کی چوکی کے قریب ایک کار کو نشانہ بنا ڈالا، اس ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی فوج نے اعلان کیا کہ اسرائیلی حملے نے ایک کار کو نشانہ بنایا جب وہ اس کی ایک چوکی سے گزر رہی تھی اس حملے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ، لبنانی فوج کے تین اور اقوام متحدہ کی امن فوج (UNIFIL) کی گشتی فورس کے چار اہلکار زخمی ہوگئے۔یہ حملہ اس وقت کیا گیا ہے جب اسرائیل نے جمعرات کو ہی جبل لبنان گورنری میں "عاریا" روڈ پر ایک کار کو بھی نشانہ بنایا، ایک ڈرون نے عاریا الکحالہ روڈ پر ایک کار پر بمباری کی، یہ دارالحکومت بیروت کو البقاع سے ملانے والی بین الاقوامی سڑک ہے ، اس حملے میں ایک خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ اسرائیل نے تبنین قصبے پر 5 حملے کیے اور جنوب میں کفرہ اور مجدل سلم کے قصبوں پر بھی بمباری کی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کیخلاف لڑائی میں اس کے 5 فوجی مارے گئے ہیں، انھوں نے جنوب میں پارٹی کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے ڈپو پر درجنوں حملے کئے۔ اس علاقے میں دونوں فریقوں کے درمیان ہفتوں سے لڑائیاں جاری ہیں۔یکم اکتوبر سے اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی در اندازی بھی شروع کر رکھی ہے۔ادھر اسرائیلی فوج کے غزہ میں مظلوم فلسطینی پناہ گزینوں پر حملے جاری رہے۔اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال پر پھر دھاوا بول دیا، تازہ حملوں میں 27 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، غزہ کی شمالی پٹی میں 19 فلسطینی صیہونی بربریت کا نشانہ بنے۔صیہونی فورسز کے ہاتھوں شہدا کی مجموعی تعداد 43 ہزار 437 ہوگئی ایک لاکھ 2 ہزار 670 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی