یورپی یونین کی جانب سے چینی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کے بعد چین کا سخت ردعمل سامنے آ گیا ،ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے 19چینی کمپنیوں پر پابندیوں کے فیصلے کیخلاف احتجاج کرتے ہیں، مغربی قوتیں روس یوکرین جنگ میں چین کو ہدف بنا رہی ہیں۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ما ننگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا ہے کہ چینی کمپنیوں پر یکطرفہ پابندیوں کی عالمی سطح پر کوئی اہمیت نہیں، مغربی اقدامات کو چین اور روس کے درمیان تعاون میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل یورپی یونین نے روسی کمپنیوں آرکٹک 2اور مرمانسک کے ایل این جی منصوبوں کیلئے سرمایہ، ساز و سامان اور افرادی قوت فراہم کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں، چین، یو اے ای اور ترکیہ کی 61کمپنیوں کو پابندیوں کے پیکیج میں شامل کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی