i بین اقوامی

یونیفل اور لبنانی فوج کی سکیورٹی یقینی بنانا ضروری ہے، پینٹاگونتازترین

October 22, 2024

پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائڈر نے تصدیق کی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ لائیڈ آسٹن نے لبنانی مسلح افواج کے خلاف حملوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ آسٹن لبنانی مسلح افواج اور یونیفل فورسز کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔یاد رہے اتوار کو لبنانی فوج نے اعلان کیا کہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں اس کے تین فوجی مارے گئے ہیں۔ آرمی کمانڈ نے وضاحت کی ہے کہ یہ تینوں فوجی اسرائیلیوں کی جانب سے ایک گاڑی کو نشانہ بنانے والے حملے میں مارے گئے ۔ اسرائیل نے 23 ستمبر سے جنوبی لبنان پر حملے تیز کر رکھے ہیں۔ دریں اثنا لبنانی وزارت خارجہ نے جنوب میں اقوام متحدہ کی عبوری افواج (UNIFIL) کی حمایت میں ایک مضبوط بین الاقوامی موقف کا مطالبہ کیا اور اسرائیل کو اس کے معاندانہ طرز عمل کو روکنے کا پابند بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔واضح رہے یونیفل فورس میں 50 سے زیادہ ملکوں کے لگ بھگ 9500 فوجی شامل ہیں۔ یونیفل فورسز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے بار بار اور جان بوجھ کر ان پر حملے کیے ہیں۔ جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ وہ بین الاقوامی فورس کو نشانہ نہیں بنا رہی ہے۔ یونیفل فورس کو 1978 میں لبنان میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے بعد جنوبی لبنان میں تعینات کیا گیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی