i بین اقوامی

یمن سعودی ایران معاہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے امن کا راستہ اختیار کرے، اقوام متحدہتازترین

March 18, 2023

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے یمن نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے یمن پر زور دیا ہے کہ وہ اس کا فائدہ اٹھائے اور امن کی طرف جائے۔ عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خلیجی خطے کے استحکام کے لیے ایران اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات کو بہت اہم قرار دیاہے ۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے جنگ شانگ نے اس اجلاس میں کہا کہ معاہدہ آج غیریقینی کی صورت حال سے دوچار دنیا کے لیے ایک خوشی کی خبر ہے، اس سے خطے کے امن، استحکام، یکجہتی اور باہمی تعاون کے منظرنامے میں مثبت اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے یمن میں صورت حال کو بہتری کی طرف لانے میں مدد ملے گی۔ سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں ہینس گرنڈبرگ نے ثالثی کے لیے سعودی عرب اور عمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن کی جماعتوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے جو ان کو خطے میں ہونے والے اس سفارتی قدم کی صورت میں ملا ہے ، وہ پرامن مستقبل کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے گزشتہ ہفتے بیجنگ میں 2016 کے بعد سے معطل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی