یہودی انتہا پسندوں کے نام نہاد "ہیکل آرگنائزیشنز" نے کہا ہے کہ وہ بابرکت مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر بڑے پیمانے پر دھاووں کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہودی انتہا پسند یہ دھاوے "یروشلم یونیفیکیشن ڈے" 28 مئی کو بولنے کی تیاری کررہے ہیں۔"ہیکل آرگنائزیشنز" نے جاری کردہ ایک بیان میں مزید کہا کہ ہم یہ ریکارڈ توڑ دیں گے، مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر بڑے پیمانے پر دھاوے کے لیے ہماری تقرری میں 13 دن باقی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 5,000 سے زیادہ افراد مسجد الاقصیٰ جائیں گے۔ اٹھائیس مئی کو یہ دھاوے بولے جائیں گے۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ "ہم سب وہاں ہوں گے۔"یہ بیان قابض ریاست کی مشرقی یروشلم پر قبضے کی سالگرہ، یا نام نہاد "یروشلم یونیفیکیشن ڈے" کو یروشلم شہر پر اپنے قبضے کی تکمیل، اور خاص طور پر اس کے مشرقی حصے پر قبضے کی یاد میں جاری کیا گیا ہے۔ پرانے بیت المقدس شہر پر اسرائیل نے 1967 کی جنگ کے دوران قبضہ کرلیا تھا۔آباد کار گروپ اس سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا ایک سلسلہ منعقد کرتے ہیں، جس میں ایک بہت بڑا جلوس نکالنا بھی شامل ہے جس میں آباد کار اسرائیلی جھنڈے اٹھا کر ریلی نکالتے ہیں جسے "فلیگ مارچ" کہا جاتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی