i بین اقوامی

حزب اللہ سے نمٹنے کیلئے تمام آپشنز موجود ہیں، ہماری ترجیح حزب اللہ کے رہنمائوں اور ارکان کو نشانہ بنانا ہے،اسرائیلتازترین

June 20, 2024

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے کہا ہے کہ حزب اللہ سے نمٹنے کے لیے ہر چیز میز پر ہے اور اسرائیل تمام حالات کے لیے تیار ہے، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ لبنان کو خطرناک راستے پر لے جا رہے ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ نے اسرائیلی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تیار ہیں ، جنگ کی صورت میں اسرائیل میں کوئی جگہ محفوظ نہیں بچے گی،عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں ہگاری نے کہا کہ حزب اللہ لبنانی عوام کا استحصال کر رہی ہے اور ان کو سچائی سے دور کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنانیوں کے درمیان چھپی ہوئی ہے، اسرائیلی فوج خاص طور پر حزب اللہ کو نشانہ بناتی ہے اور اس کے ارکان کے ٹھکانوں کا علم رکھتی ہے، ہماری ترجیح حزب اللہ کے رہنمائوں اور ارکان کو نشانہ بنانا ہے، ہم نے گزشتہ اکتوبر میں جھڑپوں کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک حزب اللہ کے 430ارکان کو مارا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے زور دیا کہ ایران حزب اللہ کو بڑھاوا دے رہا ہے اور خطے میں کشیدگی چاہتا ہے اور نصر اللہ خطے کو کشیدگی کی طرف لے جا رہے ہیں، ہم لبنانی عوام سے نہیں لڑنا چاہتے بلکہ ہم حزب اللہ سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی فوج ہر طرح ک اقدامات کر رہی اور حزب اللہ سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، ہم حزب اللہ کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام حالات کے لیے تیار ہیں، ہماری فوج مضبوط ہے اور لبنان کے ساتھ سرحدوں کی حفاظت کی ضمانت دے گی۔

واضح رہے اسرائیلی فوج نے منگل کو لبنان میں حملے کے آپریشنل منصوبوں کی منظوری کا اعلان کیاتھا، اس اعلان سے قبل اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے ہر قسم کی جنگ کی صورت میں حزب اللہ کو ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔ دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ان کے خلاف جنگ کی صورت میں اسرائیل میں کوئی جگہ محفوظ نہیں بچے گی۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی آخری حدوں کو چھونے لگی ہے اور کسی بھی وقت جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے جبکہ حزب اللہ نے اسرائیلی اہداف کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے جس میں عسکری اہداف پر سرخ نشان لگایا گیا ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ دشمن اچھی طرح جانتا ہے کہ ہم نے خود کو بدترین حالات کے لیے تیار کر رکھا ہے اور کوئی بھی جگہ ہمارے راکٹوں سے نہیں بچ سکتی۔حسن نصر اللہ کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ جنگ ہوئی تو اسرائیل کا کوئی شہر محفوظ نہیں رہے گا، اسرائیلی فوج شکست خوردہ ہوچکی ہیں لیکن وہ تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن ڈرا ہوا ہے اور حزب اللہ کی وجہ سے اسرائیل غزہ میں مذاکرات پر مجبور ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی