حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو لبنانی سرحد کے قریب نشانہ بنانے کی ایک اور کوشش کی گئی۔لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی قصبے میٹولا میں اسرائیلی وزیراعظم کی آمد سے قبل ڈرون حملے کے بعد نیتن یاہو کو سرحد پر فوجیوں سے ملاقات کیلئے طے شدہ دورہ منسوخ کرنا پڑ گیا۔اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی قصبے میٹولا کے دورے کیلئے روانہ ہو چکے تھے تاہم ان کے مقررہ مقام تک پہنچنے سے قبل میٹولا میں ایک ڈرون پھٹ گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے دورے کیلئے مقررہ وقت سے 20 منٹ قبل ڈرون دھماکے سے پھٹا، دھماکے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے اسرائیلی قصبے میٹولا کا دورہ منسوخ کردیا۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کو لبنان میں زمینی کارروائی کے دوران حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنانے کی بھی ویڈیو جاری کردی ہے۔ دوسری جانب جنوبی لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں دو میڈیکل ورکرز سمیت متعدد شہری شہید ہو گئے جبکہ غزہ میں اسرائیلی افواج نے 24 گھنٹوں میں مزید 35 سے زائد فلسطینیوں کو قتل کردیا۔غزہ کی کمال عدوان اسپتال کے چلڈرن وارڈ پر اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری میں بھی کئی افراد زخمی ہوگئے۔
اقوام کے ادارے یونیسیف کے مطابق دو روز میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ میں 50 سے زیادہ بچے شہید کردیے گئے۔اقوام متحدہ نے شمالی غزہ کی تمام آبادی کے بیماریوں اور قحط سے مرنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ادھر اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے کہا ہے کہ فلسطین میں خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔فرانسسکا البانیز نے کہا کہ فلسطینی بچوں کو بہت سے ظالمانہ طریقوں سے بھوک، تشدد اور دہشتگردی کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہیں ہلاک یا معذور کیا جارہا ہے، بچوں کو اسکولوں، خوابوں اور بہتر مستقبل کی امید سے محروم کیا جا رہا ہے۔اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے طرز عمل کو مجموعی طور پر دیکھیں، اس تمام زمین پر جس طرح اس نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بچوں کو جس طرح نشانہ بنایا جارہا ہے یہ سب وہاں بسنے والے تمام فلسطینوں کے خلاف ایک تباہ کن ذہنیت اور نیت کی عکاسی کرتا ہے، جو دور سے بنائے گئے منصوبے کی تکمیل کیلئے ہو رہا ہے۔البانیز کا اشارہ اس واقعے کی طرف تھا جس میں اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں الخلیل کے جابر علاقے میں اسکول جانے والے بچوں کو سڑک پر خار دار تار لگا کر روک دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی