i بین اقوامی

حزب اللہ کے ساتھ جنگ کی صورت میں اسرائیل ''اسٹار لنک''سے مدد لے گاتازترین

June 26, 2024

لبنانی حزب اللہ کے ساتھ شمالی محاذ پر جاری تصادم کے نتیجے میں اسرائیل میں بجلی کی بندش کے خدشے کے پیش نظر تل ابیب ''اسٹار لنک''انٹرنیٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ لبنان کے ساتھ ممکنہ جنگ کی صورت میں اسرائیل میں مواصلاتی سسٹم کو بحال رکھا جا سکے، اسرائیلی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت خزانہ اور مواصلات سٹار لنک سے 5000کم مدار والے سیٹلائٹ استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ ہنگامی حالات کے دوران حکومتی عہدیداروں کو ڈیٹا اور معلومات کے مستحکم بہائو کو یقینی بنایا جا سکے،گذشتہ فروری میں اسرائیلی وزیر مواصلات شلومی قاری نے اسٹار لنک کو اسرائیل اور غزہ کی پٹی میں کام کرنے کی اجازت دی تھی۔اسٹار لنک اسپیس ایکس کا ذیلی ادارہ ہے، جس کی ملکیت امریکی ارب پتی ایلون مسک کے پاس ہے۔ اسرائیل انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کو برقرار رکھنے کے لیے اس کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتا ہے، اگر جنگ چھڑ جاتی ہے تو اسرائیل میں بجلی کی بندش سے اس میں خلل پڑ سکتا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تقریبا دو ہفتے قبل اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے رہ نما طالب عبداللہ کے قتل کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان سرحد کے دونوں جانب حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان محاذ آرائی اور جھڑپوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی