i بین اقوامی

حزب اللہ کے اسرائیل پر ڈرون حملے ، ایک صیہونی فوجی ہلاک،7 شدید زخمیتازترین

June 07, 2024

حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر کیے ڈرون حملوں اور جھڑپ میں ایک صیہونی فوجی ہلاک جبکہ 7شدید زخمی ہو گئے ہیں۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل میں قصبے حرفیش پر ڈرون داغے گئے جس کے نتیجے میں 7فوجی شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، سرحدی علاقے میں جھڑپوں کے دوران ایک صیہونی فوجی مارا گیا۔اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان سے گزشتہ روز شمالی اسرائیل کے قصبے حرفیش میں دو دھماکا خیز ڈرون حملے ہوئے، ایک فوجی شمال میں ہلاک ہوا جہاں فوجی حزب اللہ کے ساتھ سرحدی جھڑپوں میں مصروف ہیں۔دوسری جانب عینی شاہدین کے مطابق حرفیش میں فٹبال کے میدان پر ڈرون حملہ ہوا، کچھ لوگ ہلاک ہوئے ہیں لیکن ان کی شناخت کا ہمیں پتا نہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوج کی گاڑیاں موجود ہیں اور فٹبال کے میدان سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی سرحد سے تین کلو میٹر دور اسرائیل کے سرحدی علاقے میں اپنے اہداف کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا ہے، تازہ حملے میں کم از کم 7اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی