حماس نے فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے تک مذاکرات کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے رکنے تک قیدیوں کے تبادلے پر کوئی بات نہیں کریں گے، ہم کسی بھی ایسے اقدام کیلئے تیار ہیں جو ہمارے لوگوں پر جارحیت کو ختم کرنے میں معاون ہو۔ حماس نے کہا کہ فلسطینی عوام کے درد کو دور کرنا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری اسرائیل کو غزہ میں قتل عام اور تباہی سے روکے، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت پر ہم دنیا بھر کے تمام آزاد لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 20 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے جبکہ 52 ہزار 586 افراد زخمی ہیں، شہید اور زخمی ہونے والے افراد میں نصف سے زائد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، لاکھوں افراد بھی بے گھر ہو چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی