اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہیگری نے تسلیم کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس ایک نظریے کا نام ہے جسے شکست نہیں دی جا سکتی۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان اسرائیلی فوج ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہیگری کا کہنا تھا جو بھی یہ سمجھتا ہے کہ ہم حماس کو ختم کر دیں گے وہ غلطی پر ہے، حماس ایک تنظیم اور نظریے کا نام ہے جو فلسطینی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ان کا کہنا تھا یہ مسلم بھائی چارہ ہے جو خطے میں سالہا سال سے موجود ہے جس نے حماس اور عوام کے درمیان ایک رشتہ قائم کر رکھا ہے لیکن یہ ضرور کیا جا سکتا ہے کہ حماس کا کوئی متبادل لایا جائے اور عوام کو یہ احساس دلایا جائے کہ کوئی دوسری جماعت بھی ہے۔ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہیگری کا یہ بھی کہنا تھا میں کوئی متبادل نہیں پیش کر سکتا یہ حکومت کا کام ہے، فوج کا کام تو صرف احکامات پر عمل درآمد کرنا ہے لیکن حماس کو ختم کرنے کا بیان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے جیسا ہے، اگر ہم نے غزہ میں کوئی متبادل نہ لایا تو حماس برقرار رہے گی۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن ہاہو نے اسرائیلی فوج کے ترجمان کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے حماس کو مکمل طور پر ختم کرنے کی دھمکی دی ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہیگری کے بیان کو اسرائیلی فوج اور حکومت کے درمیان تنازع کے طور پر لیا جا رہا ہے جس کی ایک مثال چند روز قبل وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے اسرائیلی جنگی کابینہ کی تحلیل بھی ہے۔ادھر اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایڈمرل ڈینیئل ہیگری کے بیان کو غلط طریقے سے لیا جا رہا ہے اور انہوں نے واضح طور پر حماس کے خاتمے کو اسرائیلی فوج کا نظریہ قرار دیا ہے، ہم جنگ کے مقاصد کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی