i بین اقوامی

غزہ، نصیرات کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 30 فلسطینی شہید ، درجنوں زخمیتازترین

June 06, 2024

اسرائیلی فوج نے غزہ میں نصیرات کے علاقے میں کیمپ 2میں واقع ''السردی''مڈل اسکول کی عمارت کو براہ راست میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 30سے زائد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 32فلسطینی مارے گئے،یہ حملہ پٹی کے وسط میں نصیرات میں بے گھر افراد پر کیا گیا،فلسطینی میڈیا آفس نے اس واقعے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ درجنوں بے گھر افراد کی رہائش گاہ والے اسکول کے کئی کمروں کو نشانہ بنایا گیا۔فلسطینی اتھارٹی نے اسے اسرائیلی فوج کی ایک بہیمانہ کارروائی اور وحشیانہ قتل عام قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ ہنگامی اور امدادی ٹیمیں اب بھی درجنوں لاشوں اور زخمیوں کو دیر البلح کے ''شہدا الاقصی''ہسپتال میں منتقل کر رہی ہیں جو اب زخمیوں اور بیماروں کی گنجائش سے تین گنا زیادہ بوجھ کیساتھ کام کررہا ہے۔اسرائیلی فوج نے جمعرات کو دعوی کیا کہ اس نے وسطی غزہ میں اونروا اسکول کے اندر ''حماس کے کمپائونڈ''کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ''مہلک''حملہ کیا ہے۔کواڈ کاپٹر طیاروں نے النصیرات کیمپ کے مشرق میں شاہراہ العشرین کے اطراف میں فائرنگ کی اور المغازی اور البریج کیمپوں کے مشرق میں شدید گولہ باری کے ساتھ رفح شہر کے مغرب میں واقع محلوں کو شدید نشانہ بنایا۔اسرائیلی طیاروں نے نصیرات کیمپ کے جنوب میں واقع ابو عبیدہ مسجد کے نزدیک واقع ابو بطحان خاندان کے ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا اور جنگی طیارے نے نصیرات کیمپ کے جنوب میں واقع الزویدہ قصبے پر حملہ کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی