غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بیت لاحیا میںگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 87 ہو گئی ،فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں صیہونی فورسز کے ساتھ چھڑپوں اور انہیں نقصان پہنچانے کی ویڈیوز جاری کر دیں۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کی، اسرائیلی ٹینک کو بارودی سرنگ سے تباہ کیا گیا۔القسام بریگیڈز نے جبالیہ کیپ میں اسرائیلی فوج پر حملوں کی بھی ویڈیوز جاری کی ہیں، جبالیہ کیپ میں مجاہدین اور اسرائیلی فوج کی گلی محلوں میں لڑائی ہوئی۔حماس میڈیا کے مطابق مجاہدین نے شدید لڑائی کے بعد صیہونی فوجیوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔ اس کے علاوہ القسام بریگیڈز نے جبالیہ میں ایک اسرائیلی جاسوس ڈرون کو پکڑلیا جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔دریں اثناء حماس نے بیت لاحیا میں قتل عام کے بدلے اسرائیلی سفارتخانوں کے محاصرے کا اعلان کر دیا۔ادھرگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بیت لاحیا میں ہلاکتوں کی تعداد 87 ہو گئی ہے، حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن عزت الرشق نے کہا کہ اگر ایک سال قبل پوری دنیا میں اسرائیل کے سفارت خانے اور مفادات ایک مسلسل اور کھلی تحریک میں گھرے ہوتے تو وہ بیت لاحیا کے قتل عام کی ہمت نہ کرتے۔انہوں نے ایک بیان میں اس بات پر بھی زور دیا کہ تحریک عرب قوم کے لوگوں کو اسرائیل اور جنگ میں اس کے اتحادیوں کے خلاف اپنی تحریک تیز کرنے کا مطالبہ کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ تل ابیب مکالمے کی زبان نہیں سمجھتا اور ایک وحشی مخلوق کی طرح برتا کرتا ہے جو صرف درد کے ساتھ رک جاتا ہے۔واضح رہے کہ یہ کال برلن میں اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کے منصوبے کے انکشاف کے چند گھنٹے بعد آئی ہے، گزشتہ ہفتے کوپن ہیگن میں اسرائیلی سفارت خانے میں بھی دو مشکوک واقعات دیکھنے میں آئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی