i بین اقوامی

غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری،تازہ حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہیدتازترین

December 11, 2024

غزہ کے مسلمانوں پر قیامت خیز اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ،، اسرائیلی فورسز کی گولہ باری، ڈرون حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں مزید 30 فلسطینی شہید ہوگئے،اسرائیل فوج نے شمالی غزہ میں 3 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور حماس کے 10 مزاحمت کاروں کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کے نصیرات کیمپ پر فضائی حملے میں 7 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، ساحلی علاقے میں اسرائیلی حملوں میں 13 فلسطینی نوجوان شہید ہوئے، شمال میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملے میں متعدد شہادتوں کا خدشہ ہے۔شہدا کی مجموعی تعداد 44 ہزار 758 ہوگئی، 1 لاکھ 5 ہزار 834 زخمی ہو چکے ہیں،اسرائیلی فورسز کا جبالیہ اور بیت لاہیہ سمیت شمالی غزہ کے علاقوں کا سخت محاصرہ جاری رہا، دیر البلاح میں اسرائیلی بحریہ نے چھ فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب جنگ بندی کی کوششوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی جاری ہے اور انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ ختم نہیں کریں گے، ایسا کیا تو حماس دوبارہ قوت پکڑ کر حملے شروع کر دے گی۔

دریں اثناء متحدہ عرب امارات سے انسانی امداد لے کر ایک اور قافلہ رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوگیا ۔امارات کے خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی جاری انسانی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد آٹے کی کمی کو دور اور متاثرہ خاندانوں کی سپورٹ کرنا ہے، یہ اقدام ان مشکل حالات میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پہنچنے والے امدادی قافلے میں آٹھ ٹرک جن پر 100 ٹن آٹے کے تھیلے لدے ہیں، پانچ ہزر گیلن کی گنجائش والے چار پانی کے ٹینکر اور دو سیوریج ٹینکر شامل ہیں، امارات کی جانب سے غزہ میں داخل ہونے والے امدادی قافلوں کی تعداد 138 ہو گئی ہے، ہر ایک امدادی قافلے میں آٹھ ٹرک شامل تھے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اب تک امارات نے زمینی راستے سے27 ہزار ٹن سے زیادہ امدادی سامان بھیجا ہے، متحدہ عرب امارات غزہ میں انسانی اور امدادی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، اس اقدام کا مقصد بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی