i بین اقوامی

غزہ کے پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیلی حملے میں مزید 433فلسطینی شہیدتازترین

October 19, 2023

بین الاقوامی سفارتی کوششیں بھی اسرائیل کو فلسطینیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے سے نہ روک سکیں،غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں مزید 433فلسطینیوں کو شہید کردیا،غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے،غزہ کے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بمباری کی گئی، ایک واقعے میں 27اور دوسرے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد شہید اور 15زخمی ہوئے،اسرائیلی افواج کی جانب سے 12افراد کو غزہ بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا جبکہ نوصائرت علاقے میں مسجد پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے،دیر البلاح میں گھر پر بمباری سے مزید 10افراد شہید اور 22زخمی ہوئے جبکہ 18افراد ملبے تلے دبے ہیں،اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس اسپتال کے قریبی علاقے پر بھی 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی،بموں کے ٹکڑے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں بھی گرے جہاں عملے کے علاوہ 8ہزار افراد پناہ لیے ہوئے ہیں،ادھر الشفا اسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایاگیا جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں،اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے اسکول پر بھی بمباری کی گئی، جس سے کئی افراد شہید ہوئے جبکہ قریب ہی گھربھی تباہ کیا گیا، اس میں بھی بڑی تعداد میں اموات ہوئیں،البکری ہائوس پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 7افراد جاں بحق ہوئے جبکہ الزیتون علاقے میں گھروں پر 20بم برسائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، اس واقعے میں بھی بڑاجانی نقصان ہوا،فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاوہ اب تک 64فلسطینیوں کو مغربی کنارے میں بھی شہید کیا جا چکا ہے جن میں سے 55خواتین اور بچے ہیں،غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 4500سو رہائشی عمارتیں اور 12000گھر تباہ کیے جا چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی