غزہ کے اسکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کی شیلنگ سے 22 پناہ گزین شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے مشرقی غزہ کے علاقے نصیرات میں اسکول پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 80 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے۔ اسکول میں فلسطینی پناہ گزین مقیم تھے۔ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد شہید ہوئے۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے دیرالبلاح کے علاقے میں الاقصی شہدا اسپتال کے احاطے میں قائم فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں پر بم برسا دئیے۔ حملے میں 4 افراد شہید اور 70 زخمی ہوگئے۔دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے جنین میں نام نہاد سیکورٹی آپریشن کے دوران 18 فلسطینوں کوگرفتار کرلیا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے جبالیا کیمپ میں کئی مکانات کو بم لگا کر اڑا دیا گیا تھا صیہونی فورسز نے ایک ہفتے میں 200 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔7 اکتوبر 2023 سے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی