امریکی کیپیٹل پولیس نے گزشتہ روز اسرائیل کے لیے امریکی فوجی حمایت کے خلاف احتجاج کرنے والے یہودی کارکنان کو کانگریس کی عمارت کے اندر سے گرفتار کر لیا، یہ گرفتاریاں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے امریکی کانگریس سے خطاب سے ایک روز قبل عمل میں آئیں،جیوش وائس فار پیس نامی کارکن گروپ کے زیرِ اہتمام مظاہرین نے سرخ رنگ کی ٹی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جن پر"ہمارے نام پر نہیں" اور "یہودی کہتے ہیں اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو" کے نعرے لکھے تھے۔ کچھ لوگوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا "جنگ بندی ابھی" اور "غزہ کو زندہ رہنے دو"۔جیوش وائس فار پیس نے سوشل میڈیا پر لکھا، "گذشتہ 9مہینوں سے ہم نے غزہ میں لاتعداد مرتبہ خوف و دہشت کا مشاہدہ کیا جو ہمارے نام پر کی گئی اور ہماری حکومت نے اس کی مالی اعانت کی۔" گروپ کے کارکنان کے مطابق 250سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کیا گیا اور 400افراد نے مظاہرے میں حصہ لیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی