i بین اقوامی

غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں میں مزید 42 افراد شہید، دمشق میں20 افراد مارے گئےتازترین

November 15, 2024

غزہ اور لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 42 افراد شہید ہوگئے جبکہ اسرائیل کی دمشق میں بمباری کے نتیجے میں 20 افراد مارے گئے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق نباتیہ میں شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے میں چار پیرامیڈکس سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ بعلبیک شہر کے قریب ایک اور شہری دفاع کے مرکز پر ہونے والے دوسرے حملے میں 12 امدادی کارکن مارے گئے۔دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 24 فلسطینی شہید اور 112 زخمی ہوئے ہیں۔غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 43 ہزار 736 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 386 افراد شہید اور 14 ہزار 417 زخمی ہو چکے ہیں۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔عرب میڈیا کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تصدیق کی ہے کہ دمشق پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 20 افرادجان کی بازی ہار چکے ہں ، ایجنسی نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں دمشق کے مغرب میں المزہ کالونی اور قدسیا میں واقع متعدد عمارتوں پر بمباری کی ہے ۔اسرائیلی آرمی ریڈیو نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر بتایا کہ اہداف میں دمشق میں فلسطینی اسلامی جہاد موومنٹ کا ہیڈکوارٹرز اور دیگر اثاثے شامل تھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک اسرائیلی بمباری نے دمشق میں المزہ کالونی کو نشانہ بنایا، یہ ایک ایسا علاقہ ہے جس میں سکیورٹی ہیڈ کوارٹرز اور اقوام متحدہ کے دفاتر موجود ہیں، حالیہ اسرائیلی کارروائیوں میں یہ علاقہ بھی متاثر ہوا ہے۔قبل ازیں شامی میڈیا نے جمعرات کو شام کے دارالحکومت دمشق اور حمص شہر میں دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی