غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں 4 اسکولوں سمیت کئی مقامات پر بمباری میں مزید 63 فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں 4 اسکولوں سمیت متعدد مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 63 فلسطینی شہید ہوگئے۔غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں اسکول پر اسرائیلی بمباری سے بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہوئے۔ادھر شمالی غزہ میں بیت ہنون کے اسکول پر اسرائیلی فوج کے حملے میں شہدا کی تعداد 43 ہوگئی۔مزید برآں ایک ہی دن میں قطری چینل کے کیمرا مین احمد ال لوح سمیت3 صحافیوں کو قتل کردیا گیا۔ دوسری جانب برطانوی دارالحکومت لندن میں فلسطین کے بعد لبنان اور شام پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔لندن میں پارلیمنٹ اسکوائر پر احتجاجی ریلی میں اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی گئی، مظاہرین نے حکومت برطانیہ سے فوری جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دبائوڈالنے اور تل ابیب کو اسلحے کی فروخت روکنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے شرکا نے مزید کہا کہ اسرائیل کے اقدامات کے سبب مشرق وسطی کا امن تباہ ہوگیا ہے۔ فلسطین اور لبنان کے بعد شام پر بھی بمباری سے کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔مظاہرین نے کہا کہ اسرائیل، شام کے بعد ایران پر بھی حملہ آور ہوا تو خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، احتجاج کے سبب پارلیمنٹ کے اطراف کی شاہراہوں کے ساتھ ویسٹ منسٹر برج بھی ٹریفک کیلیے بند رہا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی