i بین اقوامی

غیر ملکی عناصر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں ، نفرت کو پروان چڑھنے کیلئے کوئی محفوظ جگہ نہیں ملنی چاہئے، بائیڈنتازترین

July 15, 2024

امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ناکام قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد قوم سے متحدہ ہونے کی اپیل کردی جبکہ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن کے ریمارکس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا امریکا کو متحد کریں۔جو بائیڈن نے اتوار کو وائٹ ہاوس میں قوم سے مختصر خطاب میں کہا کہ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے کے محرکات ابھی نہیں پتا چلا، ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی ضرورت ہے، وہ سکیورٹی معاملات کے آزادانہ جائزے کا بھی حکم دے رہے ہیں تاکہ ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو، نفرت کو پروان چڑھنے کیلئے کوئی محفوظ جگہ نہیں ملنی چاہئے۔ غیر ملکی عناصر انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، ہمیں اپنے اختلافات کو بلٹ کے بجائے بیلٹ سے حل کرنا چاہئے۔امریکی صدر نے عوام سے کہا کہ وہ فائرنگ کرنے والے شخص کے ارادوں یا اس کی وابستگیوں کے بارے میں مفروضے قائم نہ کریں، کچھ لوگ امریکیوں کے درمیان تفرقے کو ہوا دے رہے ہیں۔ صدارتی انتخابات میں خطرات بہت زیادہ ہیں۔ امریکی جمہوریت میں قانون کی حکمرانی کا احترام کیا جاتا ہے۔قبل ازیں صدر جو بائیڈن کو ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے سے متعلق جاری تحقیقات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر جو بائیڈن نے ایک جامع اور تیزرفتار جائزے کا حکم دیا۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے یو ایس سیکرٹ سروس کو حکم دیا ہے کہ وہ پیر سے ریاست وسکانسن کے شہر ملواکی میں شروع ہونے والے ری پبلکن نیشنل کنونشن کے لیے سکیورٹی کے تمام اقدامات کا جائزہ لیں۔صدر نے کہا کہ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش ایک ایسا اقدام ہے جو بطور قوم کے ہمارے موقف کے برعکس ہے۔ یہ چیز ایک قوم کی حیثیت سے ہمارا حصہ نہیں ہے۔ یہ امریکی رویہ نہیں ہے۔ اور ہم ایسا کچھ رونما ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ امریکا کو بدلنے کی طاقت قاتلوں نہیں عوام کے ہاتھ میں ہے۔صدر بائیڈن نے کہا کہ ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے مختصر مگر اچھی گفتگو ہوئی ہے، ٹرمپ کی صحت اچھی ہے اور وہ صحتیاب ہو رہے ہیں۔ سیاست کو پر امن بحث کا میدان بنانے کی ضرورت ہے۔ ہم سب امریکا کیلئے کھڑے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی