یورپی انتخابات میں دائیں بازو کی لیڈر کے ہاتھوں حکومتی اتحاد کی شکست پر فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمانویل میکرون نے ایک بیان میں کہا کہ ایوان زیریں کے الیکشنز 30 جون کو ہوں گے جبکہ دوسرا مرحلہ 7 جولائی کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ الیکشن کے نتائج نظر انداز نہیں کیے جا سکتے، یورپ میں دائیں بازو کی جماعتوں کا اثر بڑھ رہا ہے۔ یورپی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی پارٹی نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں نیشنل ریلی پارٹی نے 32 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ صدر میکرون کی جماعت کو 15 فیصد اور سوشلسٹس کو 14 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ انتخابی مہم میں دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی پارٹی کی توجہ امیگریشن، جرائم اور معاشی بحران کے موضوع پر رہی۔ نیشنل ریلی پارٹی کی قیادت 28 برس کے جورڈن بارڈیلانے سنبھالی ہوئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی