i بین اقوامی

فرانس میں قبل ازوقت انتخابات کے بعد فسادات پھوٹ پڑےتازترین

July 08, 2024

فرانس میں حالیہ انتخابات میں حصہ لینے والے تین سیاسی اتحادوں کے کارکنوں کے درمیان فسادات پھوٹ پڑے۔عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تینوں سیاسی اتحادوں کی طرف سے واضح برتری حاصل نہ کرنے کی وجہ سے فرانس میں ان سیاسی اتحادوں کے کارکنوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ دارالحکومت پیرس ، نانتیز، لیون، مارسیلی اور رینز شہروں میں پر تشدد ہنگاموں کے دوران دکانوں کو لوٹا گیا، موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی گئی اور پولیس پر آتش گیر مواد پھینکا گیا جس کے بعد پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی،فسادات پر قابو پانے کے لئے ملک بھر میں 30ہزار پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ، جن میں سے صرف دارالحکومت پیرس میں 5ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں،واضح رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے گزشتہ ماہ قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا جس کے پہلے مرحلے میں جب دائیں بازو کی نیشنل ریلی پارٹی( آر این )نے 33فیصد ووٹ حاصل کر لئے لیکن انتخابات کے دوسرے مرحلے میں وہ اپنی پوزیشن کو برقرار نہ رکھ سکی اور 143سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی۔بائیں بازو کا نیو پاپولر فرنٹ بلاک 182سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا لیکن قطعی اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کی قیادت میں اتحاد 168نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی