خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر فلسطینی شہدا کے 1000لواحقین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔شاہی فرمان کے مطابق حرمین شریفین کے متولی نے فلسطینی شہدا کے 1000لواحقین کو اس سال شاہی مہمانوں کے طور پر حج کی دعوت دی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق 88سے زائد ممالک کے دیگر 1300عازمین بھی شاہی مہمان کی حیثیت سے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔واضح رہے کہ خادم الحرمین شریفین کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر حج ادا کرتے ہیں۔وزیر برائے اسلامی امور اور حرمین شریفین کے حج مہمانوں کے پروگرام کے نگران شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ کے مطابق 26سال قبل اس کے آغاز سے لے کر اب تک اس پروگرام کے تحت 60ہزار سے زائد عازمین کی میزبانی کی جا چکی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی