فلپائن میں اختتام ہفتہ آنے والے شدید سمندری طوفان سے کم از کم 101 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سمندری طوفان نالگے سے اس جنوبی ایشائی ملک کے کئی حصوں میں سیلاب آیا اور لینڈ سلائیڈز ہوئی۔ نیشنل ڈیزاسٹررسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے بتایا کہ 73 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دیگر 28 افراد سے متعلق شناخت کا عمل جارہی ہے۔ اب تک 66 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ دیگر 37 کے بارے میں جانچ کی جارہی ہے۔ ایجنسی نے بتایا کہ فلپائن کے جنوبی مسلم مینڈاناؤ کے بنگسامورو خود اختیار خطے میں 53 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کم از کم 22 لاپتہ ہیں۔ باقی ہلاکتیں وسطی فلپائن کے مرکزی جزیرے لوزون کے 9 علاقوں اور مسلم مینڈانا کے بنگسامورو خود اختیار خطے سے باہر مینڈانا ؤجزیرے کے دیگر علاقوں میں ہوئیں۔ ایجنسی نے کہا کہ سمندری طوفان سے 18 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ، 364 سڑکوں اور 82 پلوں کو نقصان پہنچا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں میں لوگوں نے اتوار سے کیچڑ نکالنے، گندگی ہٹانے، ہوا سے ٹوٹے درخت اور شاخوں کی کٹائی و صفائی کا کام شروع کردیا تھا۔ ان علاقوں میں متعدد مکانات اور عمارتیں زیرآب تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی