i بین اقوامی

چینی نائب وزیر اعظم کا سیلاب پر قابو پانے اور ہنگامی ردعمل کے لئے ہر ممکن کوششوں پر زورتازترین

August 02, 2023

چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچھنگ نے سیلاب کے خلاف جاری جنگ میں امدادی کارروائیوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن ژانگ نے یہ بات بیجنگ کے علاقے مینٹوگو میں امدادی کارروائیوں کی رہنمائی کرتے ہوئے کہی ہے۔ انہوں نے جلد از جلد معمول کی زندگی اور پیداوار کی بحالی سمیت لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ژانگ نے بحالی کے مقامات پر خوراک، پینے کے صاف پانی، ادویات اور دیگر امدادی سامان بھیجنے اور متاثرہ رہائشیوں کی گزر بسر کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کام کی اولین ترجیح لوگوں کی زندگیاں بچانا، لاپتہ یا پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش اور ہلاکتوں کو کم سے کم کرنا ہے۔ ژانگ نے کہا کہ تباہ شدہ ریلوے، سڑکوں، پلوں کے ساتھ ساتھ مواصلات اور بجلی کی سہولیات کی مرمت کے لئے بھی زیادہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی