چینی مین لینڈ سے ہانگ کانگ اور مکا خصوصی انتظامی خطوں کے درمیان سفر مکمل طور پر بحال ہو گیا ہے جس سے توقع ہے کہ دونوں خطوں کی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ لو وو کنٹرول پوائنٹ، لوک ما چھا ؤ/ ہوانگ گانگ کنٹرول پوائنٹ اور ہیونگ یوئن وائی/ لیان ٹانگ کنٹرول پوائنٹ پیر سے کھول دیئے گئے ہیں جس سے شین ژین اور ہانگ کانگ کے درمیان تمام 7 سرحدی کنٹرول پوائنٹس مکمل طور پر فعال ہوگئی ہیں۔ پیر کو سفر کرنے والے مسافروں کے پہلے گروپ میں طلبا، سائیکل سوار ، کاروبار ی افراد اور خاندان سے ملاقاتیں کرنے والے افراد شامل تھے۔ لیان ٹانگ کنٹرول پوائنٹ پر سرخ خیرمقدمی بینرز اور گلدستے پیش کرکے مسافروں کو خوش آمدید کہا گیا ۔ صبح 6 بجکر 30 منٹ کے قریب نئے سمسٹر کے لئے ہانگ کانگ جانے والے طالب علم اور ان کے والدین روانگی کے لیے پہلے ہی قطار میں کھڑے تھے۔ شین ژین کے ضلع لوہو کی رہائشی پان چھیا جوان اپنے بیٹے کے ساتھ طویل عرصے سے سفر کی منتظر تھیں، وہ اس دورے کے لیے علی الصبح پہنچی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ "میں اس لمحے کا انتظار کررہی تھی، آج میرا بیٹا ہانگ کانگ میں اپنے مڈل اسکول واپس جائے گا اور ہم وہاں اس کے دادا دادی سے ملاقات کریں گے۔ ہم نے ایک دوسرے کو طویل عرصے سے نہیں دیکھا ہے"۔ چینی مین لینڈ اور دونوں خصوصی انتظامی خطوں کے درمیان گروپ سفر بھی پیر سے دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی