چینی مین لینڈ 15 جون 2024 سے تائیوان سے درآمد شدہ کچھ مصنوعات پر ٹیکس رعایت معطل کررہا ہے ۔ ان اشیا کو اقتصادی تعاون فریم ورک معاہدے کے تحت ٹیکس رعایت حاصل ہے ۔ یہ اقدام جزیرے کی جانب سے تجارتی پابندیوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔ ریاستی کونسل کے کسٹمز محصولات کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ ان مصنوعات میں لبریکینٹ بیس آئل سمیت تائیوان کی 134 ٹیرف اشیا شامل ہیں۔ اقتصادی تعاون فریم ورک معاہدہ ایک جامع اقتصادی معاہدہ ہے جس کا مقصد مین لینڈ اور تائیوان کے درمیان تجارتی رکاوٹیں کم کرنا ہے۔ 1992 کے اتفاق رائے تحت ہونے والے اس معاہدے پر 2010 میں دستخط ہوئے تھے۔ تائیوان نے یکطرفہ اور امتیازی تجارتی پابندیاں عائد کرتے ہوئے اقتصادی تعاون فریم ورک معاہدہ کی خلاف ورزی کی تھی جس پر ریاستی کونسل کے کسٹمز محصولات کمیشن نے دسمبر 2023 میں تائیوان کی کچھ مصنوعات پر ٹیکس رعایت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تائیوان کی ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی کے حکام نے اقتصادی تعاون فریم ورک معاہدہ کے تحت حاصل ٹیکس رعایت ختم ہونے بعد مین لینڈ کے لئے اپنی تجارتی پابندیاں ختم کرنے کے لئے کسی بھی قسم کے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کمیشن نے اقتصادی تعاون فریم ورک معاہدہ کے تحت تائیوان کی مزید کچھ مصنوعات پر ٹیکس رعایت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی