i بین اقوامی

چین ، شین ژین میں انتہائی شدید بارش جاریتازترین

September 08, 2023

چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر شین ژین میں جمعرات کی شب سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بلدیاتی محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی شام 5 بجے سے جمعہ کی صبح 6 بجے تک شین ژین میں اوسط بارش 202.8 ملی میٹر اور زیادہ سے زیادہ مجموعی بارش 469 ملی میٹر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شین ژین میں اب تک شدید بارش کے 4 ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں جن میں 2 گھنٹے، 3 گھنٹے، 6 گھنٹے اور 12 گھنٹے کی بارش شامل ہے۔ شین ژین نے 1952 سے موسمیاتی ریکارڈ رکھنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ بیورو نے جمعہ کو بھی موسلا دھار بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کی تھی۔ شین ژین کے سیلاب، خشک سالی اور طوفان کی روک تھام کے ہیڈکوارٹر نے جمعہ کی صبح ایک انتباہ جاری کیا ہے جس کے تحت شہریوں کی حفاظت اور املاک کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے شہر بھر کے پرائمری اور سیکنڈری اسکولز اور کنڈرگارٹن کی کلاسز معطل کردی گئی ہیں ۔ شہر کی 6 سب وے لائنز کے کچھ حصوں میں سروس بھی معطل رہے گی ۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع لوہو میں کاروباری اور سرکاری اداروں میں سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ضلع میں رہائش پذیر افراد سے بھی اپنی سرگرمیاں معطل کرنے کو کہا گیا ہے۔ حکام نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خطرناک علاقوں جیسے پہاڑوں، دریاں ، ڈھلوانوں اور دیواروں سے دور رہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی