چین میں سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کے متعدد اقدامات کی بدولت رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران 1 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار غیر ملکی سیاحوں نے چین کا دورہ کیا جو گزشتہ سال کی نسبت 129.9 فیصد زیادہ تعداد ہے۔ قومی امیگریشن انتظامیہ (این آئی اے) کے نائب سربراہ لیو ہائی تاو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تخمینہ ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی آمد کے باعث مجموعی کھپت میں سو ارب یوان (تقریبا 14 ارب امریکی ڈالر) کا اضافہ ہوگا ، جس میں فی کس یومیہ اوسط کھپت کا حجم تقریبا 35 سو یوان ہے۔ لیو نے کہا کہ اس عرصے کے دوران 8 لاکھ 46 ہزار پورٹ ویزے ایسے غیر ملکی شہریوں کو جاری کیے گئے جنہیں چین میں داخل ہونے کی فوری ضرورت تھی لیکن ان کے پاس بیرون ملک چینی سفارت خانوں یا قونصل خانوں میں ویزا کے لئے درخواست دینے کے لئے کافی وقت نہیں تھا۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 183 فیصد بڑھی ہے۔ پورٹ ویزا کے بارے میں این آئی اے نے کہا کہ غیر ملکی شہری خود یا مدعو کر نے والی پارٹیوں کے ذریعہ پورٹ ویزا حکام کو پیشگی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں یا چین کی بندرگاہوں پر پہنچنے پر درخواست دے سکتے ہیں۔ لیو نے مزید کہا کہ جنوری سے جولائی کے دوران چین نے مجموعی طور پر 34 کروڑ 10 لاکھ سرحد پار سفری دورے ریکارڈ کیے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 62.34 فیصد زیادہ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی