چین کے جنوبی استوائی جزیرے صوبہ ہائی نان نے یوم مئی تعطیلات کے دوران 32 لاکھ سے زائد سیاحوں کی میزبانی کی جو گزشتہ برس کی نسبت 141.5 فیصد زائد ہے۔ ہائی نان کے صوبائی محکمہ سیاحت، ثقافت، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور کھیل نے بتایا کہ 5 روزہ تعطیلات میں سیاحت کی کل آمدن گزشتہ برس کی نسبت 178.8 فیصد اضافے سے 4.23 ارب یوآن( تقریبا ً61 کروڑ 26 لاکھ امریکی ڈالرز)رہی۔ یہ آمدن 2019 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 79 فیصد زائد ہے۔ صوبے نے سیاحوں کی متنوع ضروریات پورا کرنے کے لئے مختلف قسم کی سیاحتی مصنوعات پیش کی ہیں جس میں دیہی سیاحت ، ماہی گیری ، کیمپنگ ، اور میلے شامل تھے۔ صوبہ ہائی نان کے صدر مقام ہائیکو میں 27 اپریل سے یکم مئی 2023 تک بروکیڈ اور ایمبرا ئڈری سے متعلق عالمی ثقافتی ہفتہ منایا گیا جس میں ہائی نان کے لی اور میا نسلی گروہوں کا غیر مادی ثقافتی ورثہ سیاحوں کے سامنے پیش کیا گیا۔ ہائی نان نے مقامی پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے نائٹ مارکیٹس میں سیاحوں کو نئے تجربات بھی فراہم کیے اور دستکاری نمائشوں میں فیشن اور اصل زیورات کی کھوج کا موقع دیا۔ چین صوبہ ہائی نان کو 2025 تک عالمی سیاحتی اور کھپت مرکز اور 2035 تک عالمی سطح پر بااثر سیاحتی اور کھپت کے مقام کے طور پر تعمیر کررہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی