i بین اقوامی

چین ہمیشہ کرغزستان کا قابل بھروسہ ، بااعتماد دوست اور شراکت دار رہے گا، چینی صدرتازترین

September 15, 2022

چین کے صدر شی جن پھنگ نے کرغزصدر صدیر ژاپاروف سے ملاقات میں کہا کہ چین کرغزستان کا قابل بھروسہ ، بااعتماد دوست اور شراکت داررہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔شی نے یاد دلایا کہ فروری میں انہوں نے اور ژاپاروف نے بیجنگ میں دوستانہ، گہرے اور عملی رابطوں کا آغاز کیا جس کے ذریعے بہت سے امور پر اتفاق رائے ہوا۔شی نے کہا کہ چین آزادانہ طور پراپنی ترقی کی راہ اختیار کرنے، اپنی قومی آزادی، خودمختاری و سلامتی کے تحفظ میں کرغزستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ چین کسی بھی بہانے کرغزستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے والی کسی بھی بیرونی طاقت کی مخالفت کرتا ہے۔شی نے زور دیا کہ نئے حالات میں فریقین کو ایک دوسرے کی بھرپور حمایت میں اضافہ کرنا چاہئے اور فائدہ مند باہمی تعاون کو وسیع کرنا چاہئے ۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی حکمت عملی کو ہم آہنگ کرتے رہیں ۔ چین اور کرغزستان کے درمیان درمیانے اور طویل مدتی اقتصادی و تجارتی تعاون کے منصوبے پر ٹھیک طریقے سے عملدرآمد کریں ۔چین کے صدر نے کہا کہ چین ۔کرغزستان ۔ ازبکستان ریلوے منصوبے کی چین حمایت کرتا ہے اور اس پر جلد کام کے آغاز کے لئے تیار ہے۔شی نے کہا کہ چین کرغزستان میں سرمایہ کاری کرنے والے مزید چینی کاروباری اداروں کی حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان افراد کے تبادلے اور اشیا کی کسٹم کلیئرنس میں آسانیاں لائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی