چین اقتصادی بحالی کے استحکام کی کوششوں میں اپنے کاروباری ماحول کو تیز رفتاری سے بہتر بنانے کے لیے مزید اہداف پر مبنی اور موثر اقدامات اٹھائے گا۔وزیراعظم لی چھیانگ کی زیرصدارت ریاستی کونسل کا گزشتہ روز ایگزیکٹو اجلاس ہوا،جس میں کہا گیا کہ ان اقدامات میں منصفانہ مسابقت، املاک دانش حقوق کے تحفظ، ایک متحد مارکیٹ اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے پر توجہ دی جائے گی۔اقتصادی بحالی کی بنیادیں تاحال مضبوط نہ ہونے کے پیش نظر اجلاس میں توقعات کو مزید مستحکم کرنے، اعتماد کو بڑھانے اور مارکیٹ کو متحرک کرنے کے لیے مارکیٹ اور قانون پر مبنی بین الاقوامی نوعیت کے کاروباری ماحول کی تعمیر کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت کی اعلی معیار کی ترقی پر خصوصی غور کرتے ہوئے اس شعبے کی صنعتی ترتیب کو بہتر بنانے اور پاور بیٹری سسٹمز، نئے چیسس آرکیٹیکچر اور ذہین ڈرائیونگ سسٹم جیسے شعبوں میں اہم تکنیکی مسائل سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کافیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بیٹری کی ری سائیکلنگ کو بہتر بنانے، گاڑیوں، توانائی، سڑکوں اور کلاڈ کی مربوط ترقی کو فروغ دینے اور پوری صنعتی چین کو مزید آزاد اور ماحول دوست بنانے کے لیے کوششوں کا بھی فیصلہ کیاگیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی