قومی ادارہ برائے شماریاتکے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران چین کی مجموعی مقامی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت 5.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ این بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق چین کی جی ڈی پی پہلی ششماہی کے دوران 593 کھرب یوآن (تقریبا83 کھرب امریکی ڈالرز) تک پہنچ گئی۔ این بی ایس کے مطابق دوسری سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی میں گزشتہ سال کی نسبت 6.3 فیصد اضافہ ہوا۔ این بی ایس کے ترجمان فو لنگ ہوئی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں ایک سنگین اور پیچیدہ بین الاقوامی ماحول اور اندرون ملک اصلاحات، ترقی اور استحکام کے مشکل کاموں کے پیش نظر تمام خطوں اور محکموں نے نمو، روزگار اور قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لئے زبردست کوششیں کیں۔ فو نے مزید کہا کہ مارکیٹ کی طلب بتدریج بحال ہوئی ، پیداوار اور رسد میں اضافہ جاری رہا اور مجموعی طور پر معاشی کارکردگی میں تیزی آئی۔ این بی ایس کے ترجمان نے کہا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران چین کی اشیائے صرف کی خوردہ فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 8.2 فیصد اضافہ ہوا جو پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2.4 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔ پہلی ششماہی میں صارفین کے سامان کی خوردہ فروخت تقریبا 227.6 کھرب یوآن رہی۔صرف جون کے دوران خوردہ فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 3.1 فیصد اضافہ ہوا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی