i بین اقوامی

چین، فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی فروخت میں 173 فیصد اضافہتازترین

August 21, 2023

چین میں فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ 2023 کی دوسری سہ ماہی میں شپمنٹ گزشتہ سال کی نسبت 173 فیصد اضافے کے ساتھ 12 لاکھ 60 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی ہے۔ گلوبل مارکیٹ ریسرچ فرم انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کے مطابق چین نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں 22 لاکھ 70 ہزار فولڈ ایبل موبائل کی شپمنٹ کی ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 102 فیصد زیادہ ہیں۔ آئی ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق ہواوے نے سال کی دوسری سہ ماہی میں 43 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ مقامی فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ ویوو 19.7 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا ہے ،اوپو نے 15.9 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کیا اور دوسری سہ ماہی میں تیسرے نمبر پر رہا۔ آئی ڈی سی نے کہا ہے کہ فولڈ ایبل فونز کے متعارف ہونے کے بعد سے مارکیٹ میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے اور فی الحال یہ واحد شعبہ ہے جو مجموعی طور پر اسمارٹ فون مارکیٹ میں اضافے کا رجحان ظاہر کر رہا ہے۔ آئی ڈی سی نے مزید کہا کہ ہنج اور اسکرین سے متعلق ٹیکنالوجیز میں بتدریج بہتری اور مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث صارفین میں فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کی تیزی سے مقبولیت بڑھ رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی