سینئر چینی سفارتکار وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور روس بین الاقوامی تعلقات میں عالمی کثیرقطبیت اوراعلی جمہوریت کو مشترکہ طور پر فروغ دیں گے۔ مرکزی کمیشن دفتر برائے امورخارجہ کے ڈائریکٹر وانگ نے آسیان وزرائے خارجہ سے بات چیت کے موقع پر روسی وزیرخارجہ سے سائیڈ لائن ملاقات میں کہا کہ ایک صدی میں نظرنہ آنے والی بڑی تبدیلیوں کے پس منظر میں چین اور روس اپنے جائز مفادات کے تحفظ ، بقائے باہمی کے ہم آہنگ راستے پر چلتے رہنے اور باہمی طور مفید تعاون میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ وانگ نے کہا کہ فریقین کو دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے پر عمل پیرا ہونا اور اعلی سطح کے تبادلے برقرار رکھتے ہوئے اسٹریٹجک مواصلات اور رابطے مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو بڑے ممالک ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں نبھانا، اپنے قومی مفادات اور وقار کی حفاظت کرتے ہوئے عالمی شفافیت اور انصاف کو برقرار رکھنا چاہیے۔ لاوروف نے کہا کہ روس دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے کے نفاذ کے لئے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے ، اسٹریٹجک رابطے مزید مستحکم کرنے اور متعدد شعبوں میں تعاون گہرا کرنے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے عالمی کثیر قطبیت کے فروغ ، بالادستی اور طاقت کی سیاست کی مخالفت کرنے اور آسیان کی مرکزیت میں تعاون کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی