بیجنگ میں چین کے اعلی قانون ساز لی ژانگ شو نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔ حالیہ برسوں میں چین ۔ ایران تعلقات کے بامقصد اور مستحکم ہونے کا ذکر کرتے ہوئے قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین لی نے کہا کہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان اہم اتفاق رائے کے مطابق چین نئے دور میں دونوں ممالک کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی مزید ترقی کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے ۔ اس سے دونوں عوام کو مزید فوائد حاصل ہوں گے۔ لی نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے اپنے بنیادی مفادات بارے امور پر ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھنا ، داخلی امور میں عدم مداخلت سمیت بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنا اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنا چاہئے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مقننہ پر زور دیا کہ وہ دوستانہ تبادلے مستحکم کریں ، دونوں سربراہان مملکت کے درمیان اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لئے قانون سازی کی ضمانت فراہم کریں اور حکمرانی میں تجربے کا تبادلہ کریں۔ رئیسی نے ایران ۔ چین دیرینہ روایتی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانے ، ایران۔ چین جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں نئی جِلا بخشنے اور بین الاقوامی غیر جا نبداری اور انصاف کے تحفظ کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی