چین کے جنوبی صوبہ ہائی نان نے سمندری طوفان 'تالیم' کی وجہ سے تیز رفتار ٹرین اور فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت ہائیکو کے ہائیکو ڈونگ ریلوے اسٹیشن اور سانیا شہر کے سانیا ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہونے والی تمام بلٹ ٹرین آپریشنز کو اتوار کے روز شام 5 بجے سے عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ ہائی نان رانڈ اباٹ ریلوے پر چلنے والی تیز رفتار ٹرینوں نے بھی پیر کے روز آپریشن معطل کردیا۔ محکمہ ریلوے نے کہا ہے کہ صوبے کے اندر اور باہر باقاعدہ ریل گاڑیاں 21 جولائی تک معطل رہیں گی۔ ہائیکو میلان بین الاقوامی ہوائی اڈے نے بھی پروازیں معطل کردی ہیں۔ شہر کی نقل و حمل اور بندرگاہ آپریشن انتظامیہ کے مطابق ہائیکو کی تین بندرگاہوں کا آپریشن اتوار سے منگل تک صبح 6 بجے سے معطل کر دیا گیا ہے۔ ہائیکو کے سیلاب، ہوا اور خشک سالی پر قابو پانے والے ہیڈکوارٹرز کے مطابق شہر میں 33 میٹر فی سیکنڈ یا اس سے بھی زیادہ تیز ہوائیں چلیں گی۔ شہر میں پیر کی دوپہر سے اسکولوں کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردی جائیں گی اور امدادی و قدرتی آفات سے نمٹنے کے کاموں میں حصہ لینے والوں کے علاوہ دیگر افراد کو گھروں کے اندر رہنا ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی