برطانیہ میں ریل یونین نے مزید ہڑتالوں کا اعلان کردیا۔ برطانیہ میں ریل یونین( آر ایم ٹی) کی جانب سے 48 گھنٹوں میں یہ چوتھی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، ہڑتالیں 14،13، 17،16 دسمبر اور جنوری کی 7،6،4،3 تاریخ کو کی جائیں گی جس میں 40 ہزار سے زائد ورکرز حصہ لیں گے۔ ریل یونین کی جانب سے ہڑتال ملازمتوں کے تحفظ اور تنخواہ، کام کیحالات بہتر بنانے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے کی جارہی ہے۔ اس موقع پر آر ایم ٹی کے جنرل سیکرٹری مک لنچ نے کہا کہ ہڑتالیں واضح پیغام دیں گی کہ ہم ملازمتوں کے تحفظ، تنخواہ اور کام کے حالات سے متعلق اچھی ڈیل چاہتے ہیں۔ آر ایم ٹی کے مطابق ہڑتال والے دن ریل کا پہیہ جام رہے گا اور 18 دسمبر سے 2 جنوری تک اوور ٹائم بھی نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریل نیٹ ورک کے علاوہ 14 ریل کمپنیوں کے ورکرز نے بھی گزشتہ ہفتے ہڑتال کے حق میں ووٹ دیا تھا، اس دوران مسافروں کو کرسمس کے موقع پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی