برطانیہ میں ہونے والی ایک نیلامی میں کروی( Spherical )انڈا 200 پائونڈ ( پاکستانی 70 ہزار 965 روپے )میں فروخت ہوا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نایاب انڈے کے سابقہ مالک ایڈ پاونیل نے اسے 150 پانڈ (پاکستانی 53 ہزار 223 روپے) میں خریدا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے نایاب انڈے کو فلاحی ادارے کو عطیہ کر دیا تھا۔برطانیہ کا مذکورہ فلاحی ادارہ نوجوانوں کی تربیت کرتا ہے کہ زندگی کس طرح گزاری جائے، ان کی رہنمائی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ذہنی و دماغی صحت کے حوالے سے مدد بھی فراہم کرتا ہے۔ اس فلاحی ادارے نے مذکورہ نایاب کروی انڈے کو دوبارہ فروخت کیا ہے۔فلاحی ادارے کے مطابق جب ایڈ پاونیل نے انہیں انڈا عطیہ کیا اور اسے نیلام کرنے کی تجویز پیش کی تو انہیں یہ مذاق لگا، تاہم اخبار میں شائع ہونے والے مضامین کے بعد انڈے کی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا۔فلاحی ادارے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ انڈے کی فروخت سے خوش ہیں کیونکہ اب ہم اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔اس انڈے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ عام انڈوں کی طرح بیضوی نہیں ہے بلکہ کروی یعنی مکمل گول ہے، ابتدا اسے اسکاٹ لینڈ کی ایک خاتون نے سپر مارکیٹ سے خریدا تھا۔برطانوی نیلام گھر کے مطابق اس انڈے کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ اربوں انڈوں میں ایک ہوتا ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی