i بین اقوامی

بنگلہ دیش، عوامی دبا ئوپر پاسپورٹ میں اسرائیل کیلئے کارآمد نہیں کی عبارت بحال،اسرائیل کے سفر پر پابندی عائدتازترین

April 14, 2025

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے ملک بھر میں فلسطینیوں کے حق میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے بعد پاسپورٹ میںاسرائیل کیلئے کارآمد نہیں کی عبارت کو بحال کر دیا ہے جس کے تحت اسرائیل کے سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ۔بنگلہ دیش کی وزارت داخلہ کی نائب سکریٹری نیلیما افروز نے ترک نشریاتی ادارے انادولو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وزارت داخلہ نے 7 اپریل کو ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو اس شق کو بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے تحت بنگلہ دیش کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے۔نیلیما افروز نے کہا کہ مشیر داخلہ جہانگیر عالم چوہدری نے حکم نامے پر دستخط کیے ہیں اور اس فیصلے کو باضابطہ طور پر نافذ العمل کردیا ہے۔2021، میں معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت نے پاسپورٹ کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق ڈھالنے کا حوالہ دیتے ہوئے اس عبارت کو ہٹا دیا تھا، اس اقدام کو عوام کی شدید ناپسندیدگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

حسینہ واجد کی حکومت کو اگست 2024 میں بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد برطرف کر دیا گیا تھا، حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم نہ کیے جانے کے باوجود حزب اختلاف کے رہنمائوں کی نگرانی کے لیے اسرائیلی اسپائی ویئر حاصل کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اگرچہ حکام نے اصرار کیا کہ اسرائیل کے سفر پر پابندی برقرار ہے ، لیکن اس شق کو ہٹانے سے مسلم اکثریتی ملک میں تنقید شروع ہوگئی تھی ۔ گزشتہ سال سیاسی تبدیلی کے بعد اور غزہ پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں کے دوران اس شق کو بحال کرنے کے مطالبے میں تیزی آئی تھی۔ ہفتے کو ڈھاکا میں فلسطینیوں کے حق میں ملک کی سب سے بڑی ریلی نکالی گئی جس میں غزہ کے لیے منعقدہ مارچ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ریلی کے اعلامیے میں پاسپورٹ پر اسرائیل کے علاوہ کی شق کی بحالی کو ایک بنیادی مطالبے کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی