میانمار میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے مشن آپریشن برہما کے دوران بھارتی فضائیہ کے C-130J طیارے پر GPS سپوفنگ کا سائبر حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب طیارہ میانمار کی فضائی حدود میں پرواز کر رہا تھا۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق دفاعی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سائبر حملے کے ذریعے طیارے کے نیویگیشن سسٹم کو جعلی سگنلز کے ذریعے گمراہ کیا گیا، جس سے اس کی پرواز کی سمت متاثر ہوئی۔ تاہم، بھارتی فضائیہ کے پائلٹس نے فوری طور پر اندرونی نیویگیشن سسٹم (INS) پر منتقل ہوکر طیارے کو محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک پہنچایا۔جی پی ایس سپوفنگ ایک ایسا سائبر حملہ ہوتا ہے جس میں نقلی سگنلز اصلی سیٹلائٹ ڈیٹا کو بدل دیتے ہیں، جس سے نیویگیشن اور مقام کی معلومات متاثر ہوتی ہیں۔
بھارت-پاکستان سرحد کے قریب بھی اس نوعیت کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں نومبر 2023 سے اب تک امرتسر اور جموں کے علاقوں میں 465 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ یاد رہے کہ 28 مارچ کو میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے نے تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں تین ہزار چھ سو انچاس افراد ہلاک اور5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ بھارت نے فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آپریشن برہما کا آغاز کیا، جس میں تلاش و بچا، طبی امداد، اور بنیادی ضروریات کی فراہمی شامل ہے۔میانمار میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، تاہم فوجی حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ پر پابندیاں اور خراب موسم امدادی کاموں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی